قطر میں فوجی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، 6 افراد جاں بحق

قطر میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر تکنیکی خرابی کے باعث سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
اتوار کے روز قطری وزارتِ دفاع نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہیلی کاپٹر معمول کی ڈیوٹی پر مامور تھا کہ دورانِ پرواز اچانک تکنیکی خرابی پیدا ہوئی، جس کے باعث وہ ملک کی سمندری حدود میں گر کر تباہ ہو گیا۔
وزارتِ دفاع کے مطابق حادثہ مکمل طور پر فنی خرابی کا نتیجہ تھا اور ہیلی کاپٹر معمول کی پرواز کر رہا تھا۔
قطری وزارتِ داخلہ نے بتایا کہ اس افسوسناک حادثے میں 6 افراد ہلاک ہوئے، جن میں 3 قطری فوجی شامل ہیں۔
ادھر ترک وزارتِ دفاع کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک ترک فوجی اور دو تکنیکی ماہرین بھی شامل ہیں، جو اس ہیلی کاپٹر میں سوار تھے۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے۔ 28 فروری سے ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں کے بعد قطر کو بھی ایران کی جانب سے ڈرون اور میزائل حملوں کا سامنا رہا ہے۔











